بلوچستان کے ضلع کیچ اور کراچی سے پاکستانی فورسز نے پانچ افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔
لاپتہ ہونے والوں کی شناخت احمد نذیر، شعیب لیاقت، بابا مراد، وارث اور آصف کے ناموں سے ہوئے ہیں۔
احمد نذیر اور شعیب لیاقت کو گذشتہ شب تربت کے علاقے آبسر سے فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق گرفتاری کے وقت فورسز کے اہلکاروں نے دونوں کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر اپنے ساتھ لے گئے۔
خیال رہے آبسر میں گذشتہ شب فورسز نے تین افراد کو حراست میں لیا جن میں سے ایک کی شناخت طاہر ولد استاد عزیز کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بلوچ اکثریتی علاقے لیاری سے اطلاعات ہیں کہ فورسز نے لیاری کے علاقے سرگوات کلری سے بابا مراد، وارث اور آصف نامی تین افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے گھر پر چھاپہ مارکر بابا مراد کو حراست میں لیا جہاں گھر والوں نے مزاحمت بھی کی اور فورسز نے گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر مذکورہ شخص کو جبری گمشدکی کا نشانہ بنایا۔
جبکہ فورسز نے میرویٹ ہوٹل پر چھاپہ مارکر آصف اور وارث کو جبری گمشدگی کا شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں پیشے کے لحاظ میرویٹ ہوٹل میں سیکورٹی گارڈز ہیں جنہیں فورسز نے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا ہے۔