پاکستان: سویڈن سفارت خانہ غیرمعینہ مدت کیلئے بند

240

سویڈن نے سیکیورٹی صورت حال کے باعث پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن کے سفارت خانے کی جانب سے خطرات کی نوعیت کے حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سویڈن میں حال ہی میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذر آتش کرنے کے دلخراش واقعے سے معاملات جڑے ہوئے ہیں۔

سویڈن کے سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورت حال کی وجہ سے سویڈن کا سفارت خانہ مہمانوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’مائیگریشن سیکشن اس وقت کسی قسم کی درخواستوں کے لیے فعال نہیں ہے اور اپنے قونصل خانوں یا گھروں میں دستاویزات بھی نہیں بھیج رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے تکلیف ہوگی تاہم ہمارے درخواست گزاروں اور عملے کے ارکان کی سلامتی اولین ترجیح ہے‘۔

بیان میں مزید بتایا گیاکہ اس وقت سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اگر آپ اپنے کیس کے بارے میں سوالات کرنا چاہتے ہیں تو مائیگریشن ایجنسی سے رابطہ کریں۔