قلات میں پاکستانی فورسز پر حملہ

499

بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح حملے میں پاکستانی فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

گذشتہ رات قلات شہر کے نواح میں قائم پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کے حفاظتی چوکی کو نامعلوم مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی جبکہ بعدازاں ایمبولنسز کو مذکورہ مقام کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ فورسز حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

خیال قلات شہر و گردنواح میں پاکستانی فورسز کو بلوچ مسلح آزادی پسند حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں، مختلف نوعیت کے حملوں میں پاکستانی فورسز کو جانی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

گذشتہ روز خضدار شہر میں ایک بم حملے میں پاکستانی فورسز سی ٹی ڈی کے افسر شربت خان کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سی ٹی ڈی افسر موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اسکی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔

مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچستان میں متحرک بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ ترجمان جیئند بلوچ نے بتایا کہ یہ کارروائی بی ایل اے کے خصوصی دستے اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشنز اسکواڈ نے سرانجام دی۔

قلات میں ہونے والے حملے کی ذمہ  داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔