سوڈان: فوج اور پیراملٹری فورسز کے مابین جھڑپ، سوڈان کے دارالحکومت میں شدید کشیدگی

355

سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز میں لڑائی بعد سوڈان کی پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف ) نے دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فائرنگ کی آوازیں خرطوم کے مختلف علاقوں میں سنائی دے رہی ہیں جبکہ دارالحکومت کے قریبی شہروں میں بھی عینی شاہدین کے مطابق بھی فائرنگ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

روئٹرز سے منسلک ایک صحافی نے شہر کی گلیوں میں بکتربند گاڑیوں اور توپ کو دیکھا جبکہ فوج اور آر ایس ایف کے ہیڈکوارٹرز کے قریب اسلحے کے استعمال کی آوازیں سنیں۔

آر ایس ایف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ملک کے شمال میں میرو فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

قبل ازیں آر ایس ایف نے کہا تھا کہ فوج نے اس کے ایک اڈے کو گھیرے میں لے لیا اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ آر ایس ایف اور فوج کے درمیان یہ تشدد کئی دنوں کی کشیدگی کے بعد ہوا۔

آر ایس ایف ایک طاقتور نیم فوجی گروپ ہے جس کی سربراہی جنرل محمد ہمدان دگالو کر رہے تھے، جسے ہمدتی کے نام سے جانا جاتا ہے۔

تصادم نے اس تشویش کو جنم دیا ہے کہ اقتدار کی رسہ کشی اور فوجی بغاوتوں کے بعد سوڈان کو سویلین حکمرانی میں واپس لانے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔