سرمچاروں نے 6 موبائل ٹاوروں کو نذر آتش کردیا – بی ایل ایف

713

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمچاروں نے ضلع کیچ کے تحصیل دشت میں پاکستان اور چینی کمپنیوں کے موبائل فون کے چھ ٹاوروں پر حملہ کرکے نذرآتش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ اپریل بروز ہفتہ بارہ بجے سرمچاروں نے دشت کمبیل، ڈیڑھ بجے جان محمد بازار، چار بجے پرنٹ بازار، اور ساڑھے چار زرین بُگ میں پاکستان کی موبائل فون کمپنی یوفون اور چینی کمپنی زونگ کے موبائل فون کے ٹاوروں پر حملہ کرکے ان کی تمام مشینری کو جلا دیا ہے۔

“اسی طرح چودہ اپریل کو شام سات بجے دشت کسر میں چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) روٹ پر یوفون اور سنگئی بازار میں زونگ کمپنی کے ٹاوروں پر حملہ کرکے ساری مشینری کو نذرآتش کیا ہے۔”

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آزادی پسند جہدکاروں اور ہمدردوں کو ٹریس کرنے اور معلومات حاصل کرنے کے ساتھ اپنے جاسوس اور وہاں پر تعینات فوجیوں کی سہولت کیلئے موبائل فون کی ٹاوروں کا جال بچھا رہے ہیں۔

میجر گہرام نے کہا کہ اسی طرح سی پیک روٹ کی تحفظ کیلئے وہاں موبائل فون کے ٹاور لگائے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کو بلوچ اور بلوچستان کی ترقی کا نام دیکر ہمارے وسائل کی لوٹ مار اور غلامی کو طول دینے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ یہ حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔