امریکی نیشنل گارڈز بیورو کے مطابق 21 سالہ جیک ٹیکسیرا ستمبر 2019 میں بھرتی ہوئے۔ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے ماہر ہیں جو ایئرمین فرسٹ کلاس کے رینک تک پہنچ گئے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ایجنٹوں نے جمعرات کو امریکی فضائیہ کے نیشنل گارڈز کے ایک 21 سالہ اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر شبہ ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ سمیت امریکی حکومت کی حساس دستاویزات کو عام کرنے میں ملوث ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹی وی نیٹ ورکس پر براہ راست نشر کی گئی یہ ’ڈرامائی گرفتاری‘ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد کی گئی ہے۔
ذرائع ابلاغ نے تحقیقات کو پرجوش انداز میں کور کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ خفیہ دستاویزات کا حالیہ افشا 2013 میں ایڈورڈ سنوڈن کی طرف سے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی دستاویزات عام کیے جانے کے بعد خفیہ معلومات کا سب سے زیادہ نقصان دہ افشا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے نیوز بریفنگ میں بتایا ’مشتبہ شخص کا نام جیک ٹیکسیرا ہے، جو یو ایس ایئر فورس نیشنل گارڈز کے ملازم ہیں۔ وہ اس آن لائن چیٹ گروپ (ڈسکورڈ) کے مبینہ لیڈر تھے جہاں یہ دستاویزات پہلی بار سامنے آئیں۔‘
گارلینڈ کا کہنا تھا کہ ملزم کو ’قومی دفاع کی خفیہ معلومات کو مبینہ طور پر بلا اجازت لینے، پاس رکھنے اور منتقل کرنے کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔‘ ان کی گرفتاری کے موقعے پر کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
آپریشن کی نیوز فوٹیج میں جنوبی میساچوسٹس کے قصبے نارتھ ڈائٹن میں مشتبہ شخص کو سرخ شارٹس اور ٹی شرٹ میں ملبوس دکھایا گیا۔
انہوں نے اپنے ہاتھ سر کے پیچھے باندھ رکھے تھے۔ وہ آہستہ آہستہ قانون نافذ کرنے والے مسلح اہلکاروں کی طرف بڑھے جنہوں نے مخصوص یونیفارم پہن رکھا تھا۔ اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
شمال مشرقی ریاست کے چھوٹے سے قصبے میں پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری موجودگی کے بارے میں مقامی لوگوں کو یقین دلانے کی کوشش کی اور ایک بیان میں کہا کہ عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
امریکی نیشنل گارڈز بیورو نے کہا کہ جیک ٹیکسیرا ستمبر 2019 میں بھرتی ہوئے۔ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے ماہر ہیں جو ایئرمین فرسٹ کلاس کے رینک تک پہنچ گئے جو فضائیہ کے اہلکاروں کا تیسرا سب سے چھوٹا عہدہ ہے۔
توقع ہے کہ انہیں ابتدائی طور پر جمعے کی صبح میساچوسٹس کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ خفیہ دستاویزت کا عام ہونا امریکی سلامتی کے لیے ’بہت سنگین‘ خطرہ ہے۔ ادارے کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے اسے ’جان بوجھ کر کیا گیا جرم‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
پیٹ رائڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ دفاع تقسیم کی جانے والی فہرستوں اور کئی دوسرے مراحل کا جائزہ لے رہا ہے اور انہیں اپ ڈیٹ کر رہا ہے تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ خفیہ دستاویزات کب اور کیسے شیئر کی جاتی ہیں۔
جیک ٹیکسیرا کون ہیں؟
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جیک ٹیکسیرا میساچوسٹس ایئر نیشنل گارڈ میں ایئرمین فرسٹ کلاس ہیں۔ میساچوسٹس میں اوٹِس ایئر نیشنل گارڈ بیس پر واقع 102ویں انٹیلی جنس ونگ کی فیس بک پوسٹس کے مطابق ان کا تعلق ایئر فورس کے انٹیلی جنس یونٹ کے ساتھ ہے۔
کون سی خفیہ دستاویزات عام کی گئیں؟
اے پی کے مطابق ان دستاویزات میں یوکرین کے لیے امریکی اور نیٹو امداد اور امریکی اتحادیوں کے بارے میں امریکی انٹیلی جنس کے جائزوں کی تفصیل دی گئی ہے، جس سے امریکہ کے ان ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
کچھ دستاویزت میں فروری اور مارچ کے دوران میدان جنگ کی یوکرین اور روس کی حقیقی وقت کی پوزیشنوں کی تفصیل ہے۔ اس کے علاوہ جنگی سامان کے نقصان اور اتحادی ملکوں کی طرف سے یوکرین کو دیے جانے والے نئے ہتھیاروں کی درست تعداد دکھائی گئی ہے۔
خفیہ دستاویزات یہ بھی ظاہر کرتی ہیں کہ یوکرین کے اہم فضائی دفاعی نظام کے میزائل ختم ہونے کے کتنے قریب ہیں۔ دوبارہ فراہم نہ کیے جانے کی صورت میں اس مہینے کے آخر یا مئی کے آخر میں سٹاک کے ختم ہونے کا امکان ہے۔ اس صورت میں یوکرین کا آسمان روس کے فضائی اور توپ خانے کے مزید حملوں کے لیے کھل جائے گا۔ ان حملوں کے نتیجے میں پہلے ہی یوکرین کے شہر اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔
ڈسکورڈ کیا ہے؟
ڈسکورڈ ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو آن لائن گیمز کھیلنے والے لوگوں میں مقبول ہے۔ یہ ویب سائٹ گروپس کے لیے ریئل ٹائم وائس، ویڈیو اور ٹیکسٹ چیٹس کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کا تعلق کسی سکول، کلب، گیمنگ گروپ یا دنیا بھر کی آرٹ برادری کے ساتھ ہو سکتا ہے۔
مانا جاتا ہے کہ جیک ٹیکسیرا نے اس سائٹ پر ہتھیاروں، گیمز اور اپنی پسندیدہ میمز کے بارے میں کئی پوسٹیں کیں۔ ان کے ساتھ بات کرنے والے کچھ لوگوں نے کہا کہ ٹیکسیرا نے سخت نگرانی میں رہنے والے امریکی رازوں کے بارے میں بھی پوسٹیں کیں۔
آن لائن نجی چیٹ گروپ جہاں خفیہ دستاویزات افشا کی گئیں، کے ارکان نے کہا کہ ٹیکسیرا کسی نظریے کے بجائے زیادہ تر اپنی بہادری دکھانے کے جذبے سے متاثر تھے۔