خضدار شہر چور اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر

251

خضدار کے شہری ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے، جبکہ ضلعی انتظامیہ و پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خضدار سٹی میں اسٹریٹ کرمنلز کا مکمل راج قائم ہے، خواتین سے پرس چھیننے کے بھی متعدد واردتیں رپورٹ ہوئے ہیں۔ دن دہاڑے شہریوں کو گن پوائنٹ پر ڈاکو باآسانی لوٹ کر حسب معمول فرار ہو جاتے ہیں۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب متعدد شہری اپنے موٹر سائیکل، موبائل اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں لیکن کچھ نہیں کرسکتے، بے بسی کا تصویر بن کر لوٹ جاتے ہیں کیونکہ مزاحمت کرنے پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا خطرہ لاحق ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ بعد از افطاری کے وقت بلوچستان نیشنل پارٹی کے ایک مقامی عہدیدار کو دوران مزاحمت مسلح ڈاکو نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں پولیس، ایف سی اور لیویز فورس کی کئی چوکیاں قائم ہے اور شہر بھر میں پیٹرولنگ بھی کرتے ہیں اس کے باوجود شہر میں چوروں و ڈاکوؤں کا راج قائم ہے جبکہ یہ تمام فورسز سفید پوش شہریوں اور تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے اور بھتہ وصولی میں مصروف عمل ہیں۔

شہریوں نے خواتین سے گن پوائنٹ پر پرس چھیننے کے وارداتوں پر شدید تشویش اور غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے خضدار انتظامیہ سے چوروں و ڈاکوؤں کا قلع و قمع کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے انتظامیہ شہر میں ڈاکو راج کا نوٹس لے کر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے اور لوگوں کو تحفظ فراہم کریں یا پھر لوگوں کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دیں تاکہ وہ خود ان چوروں و ڈاکوؤں سے نمنٹ سکیں۔