بلوچستان سے معروف کاروباری شخصیت کے بیٹے کی اغواء کے بعد جیکب آباد میں مولاداد تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں اور بلوچستان پولیس کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس پارٹی مغوی کی بازیابی کے لیے آرہی تھی۔ گذشتہ شب معروف کاروباری شخصیت اور مل مالک حاجی محمد اسلم سومرو کے بیٹے کو ڈیرہ الله یار پولیس تھانے کے حدود سے اغوا کیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے اغواء کاروں کا پیچھا کیا، سندھ کے علاقے جاگیر کے مقام پر پولیس اور اغواء کاروں مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں انسپیکٹر محمد طیب عمرانی، کانسٹیبل اے ٹی ایف محمد عثمان، اے ٹی ایف اہلکار خادم حسین، ریاض حسین، نثار احمد اور عبدالوہاب ہلاک ہوگئے جبکہ اے ٹی ایف کے دو اہلکار حسین علی اور الطاف حسین زخمی ہوگئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جیکب آباد ڈاکٹر سمیر نے بھی حملے میں پولیس پارٹی کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک آپریشن جاری ہے جبکہ مزید نفری طلب کیا گیا ہے۔