بلوچستان: 4 لاپتہ افراد بازیاب

344

بلوچستان کے مخلتف علاقوں سے جبری طور پر لاپتہ چار افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں میں پہنچ گئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رواں سال 10 مارچ کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے امبی کلانچ سے جبری لاپتہ صابر والد ماسٹر عبدالغنی گذشتہ شام کو بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔

تاہم اس خاندان کے چار دیگر افراد اب تک جبری لاپتہ ہیں۔

پنجگور کے علاقے خدابادان سراوان سے گذشتہ دنوں لاپتہ ہونے والا معذور نوجوان مظاہر ذاکر بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔ یاد رہے اس نوجوان کو پاکستانی فورسز نے گھر میں چھاپے کے دوران گرفتاری کے بعد لاپتہ کیا تھا۔

دریں اثناء تربت سے آمد اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز گھنہ سے گرفتار کیے گئے صغیر احمد اور اختر علی رہا کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ‏انہیں گذشتہ روز صبح 4 بجے گھنہ میں گھروں کی تلاشی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ لواحقین نے ان کے رہائی کی تصدیق کی ہے۔