بلوچستان: مخلتف واقعات میں 3 افراد ہلاک، 6 زخمی

198
File Photo

اتوار کے روز بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 3 افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں گولی لگنے سے ایک شخص زخمی جبکہ بل نگور دشت میں پتھر لگنے سے بزرگ شہری زخمی ہوگیا ۔

علی آباد کوشقلات کا نوجوان رہائشی فیصل اسحاق کے کندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیصل شکار کیلئے گیا تھا کہ گن شارٹ سے زخمی ہوا ہے۔

دریں اثناء بل نگور دشت کا بزرگ رہائشی سید محمد ولد بہرام سر پر پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جنہیں ٹیچنگ اسپتال تربت پھر کراچی منتقل کردیا گیا۔ لیویز کے مطابق سید محمد سڑک کے کنارے کھڑا تھا کہ تیز رفتار گاڑی گزرنے سے پتھر اڑ کے زور سے لگا۔

دوسری جانب صنعتی شہر حب میں دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔

ایدھی ذرائع کے مطابق حب ڈیم کے قریب مزدا الٹنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی شناخت خمیسہ ولد محمد یعقوب عمر 40 سال کے نام سے ہوئی جبکہ حب کے علاقے آفتاب چوک کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان نادر ولد اکبر عمر 20 سال زخمی ہوگیا۔

نعش اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس میں جام قادر ٹیچنگ ہسپتال حب منتقل کردیا گیا۔ ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

وہاں ڈیرہ اللہ یار میں رمضان سستا بازار کے آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے باعث تین خواتین گر کر زخمی ہوگئیں، بدمزدگی کے بعد رمضان سستا بازار بند کر دیا گیا،۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ رمضان سستا بازار میں آٹے کے حصول کے لیے شہری صبح سویرے ہی سستا بازار پہنچ گئے، مگر آٹا پوائنٹ دیر سے کھلتے ہی مرد و خواتین سمیت بزرگ شہری آٹا پوائنٹ پر امڈ آئے جسکے باعث رش بڑھ گیا، رش کے دوران دھکم پیل سے تین خواتین گر کر زخمی ہوگئیں، سستا بازار کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار بھی خواتین اور بزرگ شہریوں کو دھکے دیتے رہیں، بدمزگی کے بعد تاجروں نے مال سمیٹ کر اسٹال بند کر دیئے، جس کی وجہ سے کئی شہری خریداری سے محروم رہ گئے۔

سستا بازار بند ہونے کے باوجود خواتین اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد آٹا آنے کی امید لگائے خالی سستا بازار میں انتظار کرتے رہے اور کئی گھنٹوں بعد جب آٹا نہ آیا تو شہری مایوس ہو کر خالی ہاتھ گھروں کو واپس لوٹ گئے،

ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نجیب اللہ ترین نے آٹا پوائنٹ پر بدمزگی کا نوٹس لیتے ہوئے ریونیو افسران کو سختی سے تاکید کی ہے کہ آٹا پوائنٹ پر شہریوں کی قطار لگا کر انہیں احترام کیساتھ آٹا فراہم کیا جائے۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق جبکہ جوائنٹ روڈ پر ویگن کی چھت سے گر کر ایک شخص جانبحق ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق سریاب روڈ رضا محمد اسٹریٹ ریلوے لائن کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص نادر ولد عبدالقیوم جاںبحق ہوگیا۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر بے نظیر پل کے قریب ویگن کی چھت سے گر کر ایک شخص جانبحق ہوگیا ،لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔