ایئرپورٹ روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث بااثر شخصیات کیخلاف کارروائی کی جائے۔ متاثرین

222

کوئٹہ کے علاقے سرکی قلعہ ائیر پورٹ کے رہائشی حاجی جلال الدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ گزشتہ شب علاقے میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور میرے بھائیوں سمیت دیگر کو زخمی کرنے میں ملوث وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر اور اسکے دیگر ساتھیوں کیخلاف کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں اپنے دیگر ساتھیوں کی ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا۔

انہوں نے کہا کہ میں محکمہ ہیلتھ میں ملازم ہوں اور ہماری آبائی اراضی سرکی قلعہ ایئرپورٹ روڈ پر واقع ہے گزشتہ شب ہم نماز پڑھ کے آرہے تھے کہ وزیراعلیٰ کے کوآڈینیٹر عادل بازئی اپنے دیگر بھائیوں خوشدل سنگین اور چار دیگر افراد کے ہمراہ کھڑے تھے اور ہمارے ساتھ بد تمیزی کی اور گالیاں دیں اور اسی دوران انہوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں دولت خان ، عمران، ڈاکٹر باچا خان زخمی، جبکہ ایک راہ گیر آصف ہلاک ہوگیا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے۔

“ فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، زخمی اور لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا، اس سے قبل بھی 15مارچ کو ہمارے گھر کے سامنے بجلی کا کھمبا لگانے پر بھی ہوائی فائرنگ کی گئی تاحال پولیس اس کا مقدمہ درج نہیں کررہی اور اس مقام پر کھمبا لگانے کے حوالے سے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔”

انہوں نے گورنر، وزیراعلیٰ، کمانڈر 12 کور، آئی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کی گرفت میں لاکر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ایسے لوگوں کو کوارڈینیٹر نہ بنائیں جو معاشرے میں انتشار پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں،اور انہیں فوری طورپر کوآرڈینیٹر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔