افغانستان سے نکلنے کا فیصلہ درست تھا – بائیڈن انتظامیہ

272

افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا پر بائیڈن انتظامیہ نے رپورٹ جاری کردی۔

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی آثار نہیں تھے کہ مزید وقت، مزید فنڈز یا مزید امریکیوں سے افغانصورتحال کا کوئی دوسرا راستہ نکلتا صدر بائیڈن اب بھی یہی سمجھتے ہیں کہ افغانستان سے نکلنے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔

رپورٹ کی سمری میں وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا نے امریکی اتحاد یا عالمی سطح پر امریکی حیثیت کوکمزور نہیں کیا ٹرمپ انتظامیہ نے افغانستان سے امریکی انخلا کی صرف تاریخ دی تھی کوئی لائحہ عمل نہیں بتایا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلوں اور لائحہ عمل میں فقدان سے بائیڈن انتظامیہ کے اختیارات محدود ہوئے، طالبان نےجس تیزی سے افغانستان پر قبضہ کیا اس سے ظاہر ہے کہ ڈھائی ہزار فوجیوں سے امن نہیں ہوسکتا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق افغان انخلا کے بعد اب امریکا کسی بھی جگہ خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال میں انخلا کو ترجیح دیتا ہے،افغان انخلا سے سیکھے گئے سبق یوکرین اور ایتھوپیا میں بھی اپلائی کیے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے افغانستان میں طویل 20 سالہ جنگ  بعد 2021 میں اپنی افواج افغانستان سے واپس بلا لی تھیں۔