آئی ایس پی آر کا تربت آپریشن میں تین افراد کو مارنے کا دعویٰ

649

بلوچستان  کے ضلع کیچ میں پاکستان فوج نے آپریشن میں تین افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے ضلع کیچ میں تربت علاقے گشکور کے مقام پر کارروائی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق مسلح افراد کے ٹھکانے کے قریب فورسز اہلکاروں کو اُتارنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا گیا۔ اسی دوران فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے افراد گذشتہ روز فورسز پر حملے میں ملوث تھے- مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان افراد کے ٹھکانے سے بارودی سرنگوں سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

واضح رہے گذشتہ دنوں سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان کے ضلع سبی و بولان سے متصل علاقے آج پانچویں روز بھی بدستور فوجی محاصرے میں ہیں، جبکہ علاقے میں موبائل سروس بھی تاحال بند ہے۔

ادھر ضلع پنجگور کے نواحی علاقے کیلکور میں آج صبح سے پاکستانی فورسز کا زمینی و فضائی آپریشن جاری ہے۔ مذکورہ آپریشن میں پیدل فوجی دستوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے بھی مذکورہ علاقوں گشت کررہے ہیں۔

دریں اثناء گذشتہ دونوں آئی ایس پی آر نے بولان اور سبی میں آپریشن کے دؤران بھی مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو ارکان کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا- تاہم آزاد ذرائع سے فورسز دعوؤں کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے-