اتوار کے روز بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گورنر ہاوس میں نئے گورنر بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔
بی این پی مینگل کے ملک عبدالولی کاکڑ نے بلوچستان کے نئے گورنر بلوچستان کا حلف اٹھالیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے نئے گورنر سے ان کے عہدے کا حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی، قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ ملک عبدالولی کاکڑ بلوچستان کے 23 ویں گورنر ہیں۔
دریں اثنا کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے ملک عبدالولی کاکڑ کو گورنر بلوچستان بننے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایک سیاسی ورکر کا گورنر بلوچستان تعینات ہونا ایک مثبت اقدام ہے ملک عبدالولی کاکڑ ایک سیاسی ورکر ہے اور بلوچستان کے حقوق کے لیے انکی جدوجہد رہی ہے۔ ان کے خاندان کی بھی بلوچستان کے لئے سیاسی خدمات ہیں اور ان کے والد کی سیاسی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امید ہے وہ اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیں گے۔