ڈھاڈر: فوجی ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری

635

سبی کے علاقے ڈھاڈر میں مسلح جھڑپ کے بعد دوسرے روز بھی فوجی ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری ہے۔

ڈھاڈر کے علاقے صبری میں گذشتہ روز مغرب کے وقت مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے مابین جھڑپ ہوئی تھی جہاں دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

جھڑپ کے بعد پاکستان فوج کی بڑی نفری علاقے میں پہنچی۔ فورسز نے رات سے آپریشن جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ آج علی الصبح سے پاکستان فوج کے ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت بھی جاری ہے۔

فورسز حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، انکا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستانی فوج اور بلوچ سرمچاروں (آزادی پسندوں) کے مابین جھڑپ ہوئی ہے۔ تاہم اس کی تصدیق تاحال نہیں ہوسکی ہے۔