پاکستان فوج شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سبی کے علاقے ڈھاڈر میں جھڑپ کی تصدیق کردی ہے۔ آئی ایس پی کے مطابق ڈھاڈر آپریشن میں ایک مسلح شخص مارا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سبی کے جنوبی علاقے نوشمان میں سرگرم افراد کے ایک گروپ کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن شروع کیا گیا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گذشتہ روز مسلح افراد کے زیر اثر علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد مقامات پر گھات لگائے گئے تھے۔ جس کے نتیجے میں تین مسلح افراد کی ایک پارٹی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا گیا۔ روکے جانے پر انہوں نے فورسز پر فائرنگ کردی۔
بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک شخص مارا گیا جبکہ دو زخمی ہوئے، اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔