پہاڑوں پر جانے والوں کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ قدوس بزنجو

764

وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے تربت دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے افراد کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں، پہاڑوں پر چڑھنے والے آئیں اور ہم سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں اگر وہ اپنے آپ کو بلوچستان کے عوام کا خیر خواہ سمجھتے ہیں تو بلوچستان کے مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات پر آمادہ ہوں لڑائی اور جھگڑے سے ہم سب کا نقصان ہوگا بندوق اٹھانے کی بجاۓ بلوچستان کے عوام کی بہتری کے لیے ہماری مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرٹ کی بحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے فیصلہ کیا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بلوچستان میں نچلی سطح کے ملازمین کی تعیناتیاں کی جائیں اقربا پروری کی روک تھام اور من پسند افراد کو سرکاری ٹھیکوں کے ذریعے نوازنے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا تاکہ سرکاری کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے سرکاری اداروں میں اس طرح کے نظام کے قیام سے سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوگا ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریکوڈک مسئلے کو دانش مندی سے حل کرکے بین الاقوامی عدالتوں سے ملک کو بھاری جرمانہ سے بچادیا ہماری حکومت نے ریکوڈک پروجیکٹ میں بلوچستان کو 25 فیصد حصہ یقینی بنایا ریکوڈک منصوبے کی وجہ سے بلوچستان کو آئندہ چند سالوں میں اربوں ڈالر کی آمدنی ہوگی بلوچستان کو مالی استحکام حاصل ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ ہم نے سیندک منصوبے میں بلوچستان کو حصے کو بڑھانے میں بھی اپنا ایک بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے تربت سمیت دیگر تمام اضلاع کو یکساں مقدار میں فنڈز فراہم کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان کے تمام علاقے ترقی کریں اور کوئی بھی علاقہ نظر انداز نہ ہونے پائے تربت شہر کے لیے سٹی پروجیکٹ فیز 2 کے علاوہ ساؤتھ بلوچستان پیکج پر بھی کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنایا جارہا ہے صوبائی حکومت کی کوششوں سے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات پرامن طریقے سے مکمل ہوئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی مشینری غیر جانبدار رہی ہم نے تمام سیاسی جماعتوں پر واضح کیا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہم سب کو قبول کرنا ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران انہوں نے اپنا دورہ آواران منسوخ کیا تاکہ انتخابات میں شفافیت برقرار رہے ۔حکومت بلوچستان نے بلدیاتی اداروں کے لیے بجٹ میں بڑی رقم مختص کی ہے ۔بلدیاتی اداروں کو فنڈز دینگے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں منصوبے شروع کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات پہنچانے کے لیے صوبائی بجٹ میں ایک خطیر رقم مختص ہے غریب عوام کو مہلک بیماریوں کے علاج کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر کے معاملات اور گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کے حوالے سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں حق دو تحریک کے تمام تحفظات دور کردیے ہیں پاک ایران بارڈر کو آزادانہ تجارت کے لیے کھول دیا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر ہوں بارڈر پر عوام کو آنے جانے میں کوئی دشواری نہیں بلوچستان کے ساحل پر متعلقہ ادروں نے 24 کے قریب غیر قانونی ٹرالروں کو قبضہ میں لیا ہے۔ اتنے مختصر عرصے میں سو فیصد ٹرالنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ۔حق دو تحریک کو خوامخواہ کا احتجاج اور لوگوں کے شہر میں گزرنے کے راستوں کو بلاک نہیں کرنا چاہیے ۔