پاکستانی آرمی چیف کا دورہ گوادر

644

پاکستانی آرمی چیف آرمی عاصم منیر نے بلوچستان کیلئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کا دورہ کیا ۔ جہاں آرمی چیف کو فارمیشن کی جانب سے آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اقتصادی راہداری اور امن کی کوششوں پر بھی بریف کیا گیا، جنرل سید عاصم منیر نے افسران و جوانوں کی کوششوں کو سراہا۔

اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،صحت اور کھیلوں سے متعلق منصوبوں کا اعلان کیا جبکہ آرمی چیف نے مختلف فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان میں تعلیم، سولر سسٹم، ماہی گیری سے متعلق منصوبے شامل ہیں جبکہ آرمی چیف نے علاقہ کی اقتصادی ترقی پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف نے گوادر کے منتخب نمائندوں اور عمائدین سے بھی ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، مسلح افواج اور بلوچستان کی عوام ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ عوام کی بہتری کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔

تاہم آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز اور پاکستانی آرمی چیف کے دورہ گوادر کے دوران گوادر کے اکثریتی منتحب کونسلران، مقامی ماہیگروں کے ہمراہ سراپا احتجاج تھے۔ آج ہزاروں مقامی لوگوں نے شہر میں دفعہ 144 کے باوجود سڑکوں پر نکل کر سیاسی پابندیوں کو ہٹھانے اور حق دو تحریک کے سربراہ ہدایت الرحمان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے گذشتہ دنوں گوادر میں بلوچ آزادی پسند تنظیم بی ایل ایف کے پاکستانی فورسز پر حملے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف دورہ کررہے ہیں جبکہ گذشتہ دنوں سے گوادر کے پہاڑی سلسلوں میں فوجی آپریشن کی جارہی ہے اور گوادر شہر سے جبری گمشدگیوں کے واقعات سامنے آئی ہے۔