ٹوئٹر نے پاکستانی حکومت کا سرکاری اکاؤنٹ بھارت میں غیر فعال کر دیا

253

سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستانی حکومت کا اکاونٹ بھارت میں صارفین کے لیے بلاک کر دیا ہے۔ جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر ایک نوٹس میں ٹوئٹر نے بتایا کہ یہ اقدام بھارت میں قانونی مطالبے کے بعد کیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی کی گائیڈ لائنز میں یہ شامل ہے کہ کمپنی کسی بھی ملک کی جانب سے کسی قانونی مطالبے، جیسے کہ عدالتی حکم کی صورت میں اکاؤنٹس کا کسی بھی ملک میں دکھایا جانا روک سکتی ہے۔

البتہ پاکستانی حکومت کا اکاؤنٹ @GovtofPakistan دوسرے ممالک جیسے امریکہ اور کینیڈا وغیرہ میں صارفین دیکھ سکتے ہیں۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر، پاکستان اور بھارتی حکومتوں نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست پر ردِعمل نہیں دیا۔

پاکستانی حکومت کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ٹوئٹر پر 30 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں اور یہاں حکومت پاکستان سے متعلق معلومات شئیر کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان اس سے پہلے ایک دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والی ویب سائٹس پر پابندی لگا چکے ہیں۔

چند برس پہلے پاکستان نے بھارتی نیوز ویب سائٹ ‘انڈیا ٹوڈے’ پر پابندی عائد کی تھی۔

گزشتہ برس بھارت نے ٹوئٹر پر اقوام متحدہ، ترکیہ، ایران اور مصر میں قائم پاکستانی سفارت خانوں کے آفیشل اکاؤنٹ پر پابندی لگائی تھی۔

اس کے علاوہ دسمبر میں وڈلی نامی پاکستانی او ٹی ٹی ویب سائٹ کو بھارت میں بلاک کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ان اکاؤنٹس پر بھارت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 2021 کے قواعد کے مطابق پابندی عائد کی جاتی ہے۔