وقاص علی سیکرٹری صحت بلوچستان مقرر

319

بلوچستان حکومت نے بدھ کو گریڈ 21 کے افسر وقاص علی محمود کو سیکرٹری صحت بلوچستان مقرر کردیا-

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وقاص علی محمود نئے سیکرٹری صحت بلوچستان ہونگے جبکہ اس عہدے پر اس سے قبل قائم صالح ناصر ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعینات ہونگے-

بلوچستان حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سیکٹری صحت پنجاپ کے رہائشی ہیں جبکہ اس سے قبل وہ کمشنر گوجرانوالہ، سیکرٹری تعلیم پنجاب، اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے اختتام پر سابق سیکٹری داخلہ بلوچستان محمد اکبر حریفل کو سیکرٹری انڈسٹریز بلوچستان جبکہ ظفر علی بخاری کو سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن تعینات کردیا گیا ہے-

واضح رہے بلوچستان میں دیگر مسائل کے ساتھ صحت کا مسئلہ بھی کافی گھمبیر صورتحال اختیار کرچکا ہے مرکزی شہر کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں صحت کی سہولیات عدم فراہمی کے ساتھ ساتھ ادویات بھی ناپید ہوچکے ہیں-

بلوچستان کے علاقے کوئٹہ میں موجود بلوچستان کا واحد کینسر سینٹر “سینار” میں گذشتہ کئی ماہ سے کینسر دوائیوں کی سپلائی معطل ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بخار، سردرد، شوگر اور کینسر سمیت دیگر امراض کی ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں-

اسی طرح عام بخار کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی پیناڈول گولی بھی کوئٹہ کے میڈیکل اسٹورز میں بہت کم مقدار میں دستیاب ہے، کوئٹہ میں یہ ادویات نہ صرف میڈیکل اسٹورز سے غائب ہیں بلکہ سرکاری اسپتالوں میں بھی دستیاب نہیں ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں صحت کے خراب اقدامات کے پیش نظر گذشتہ دنوں عالمی شعبہ صحت کے ادارے (ڈبلیو ایچ او) کی جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اسپتالوں میں سولر سسٹم کی تنصیب سمیت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں100 بنیادی صحت کے مراکز میں سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا-