مراکش کی فٹبالر اسٹار اشرف حکیمی کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج

267

فرانس میں مراکش کی فُٹ بال ٹیم کے کھلاڑی اشرف حکیمی کے خلاف 24 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے جمعے کو مراکش اور پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیلنے والے ڈیفینڈر اشرف حکیمی کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

مراکشی فُٹ بالر سے جمعرات کو پیرس میں فرانسیسی تفیتیش کاروں نے جنسی زیادتی کے الزامات لگنے کے بعد پوچھ گچھ بھی کی تھی اور مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ اسی کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

چوبیس سالہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اشرف حکیمی نے پچھلے اتوار کو انہیں اپنے گھر لے جانے کے لیے پیسے دیے تھے اور اس وقت پیرس میں واقعے گھر میں فٹ بالر کے بیوی اور بچے موجود نہیں تھے۔ ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ خاتون نے اتوار کو ہی پیرس کے ایک پولیس سٹیشن میں اشرف حکیمی کے خلاف جنسی زیادتی کی شکایت درج کروائی تھی۔

مقدمہ درج ہونے کے باوجود اشرف حکیمی کو پولیس کی جانب سے گرفتار نہیں کیا گیا اور وہ جمعے کی صبح پی ایس جی کے گراؤنڈ میں ٹریننگ کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔

چوبیس سالہ خاتون کی وکیل راشل فلورے پاردو کا کہنا ہے کہ ’میری مؤکلا نے جو کہا ہے وہ اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے صرف پراسیکیوٹرز سے بات کرنے کا انتخاب کیا ہے اور وہ اس معاملے کو میڈیا میں نہیں لانا چاہتیں۔‘

خیال رہے فرانسیسی قوانین کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد کیس کا عدالت ٹرائل کے لیے جانا ضروری نہیں۔