سی ٹی ڈی کا کراچی پولیس آفس حملے کے ماسٹر مائنڈ کو مارنے کا دعویٰ

542

پولیس نے کراچی پولیس آفس پر 17 فروری کو ہونے والے حملے کے ’ماسٹر مائنڈ‘ کو آپریشن کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ کراچی کے علاقے منگھوپیر میں ناردرن بائی پاس کے قریب آپریشن کے دوران حملے کا ماسٹر مائنڈ آریاد اللہ اور اس کا ایک ساتھی مارا گیا۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت کی جا رہی ہے۔ آپریشن کے دوران مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے میں سی ٹی ڈی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن آج سہ پہر 3 بجے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور سی ٹی ڈی مقابلے پر میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 17 فروری کو شاہراہ فیصل پر قائم کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس اور رینجرز اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

حملے کے دوران فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا تھا۔ چار گھنٹے بعد فورسز نے آپریشن مکمل کیا اور عمارت کو کلیئر کردیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔