خاران: لیویز چوکی پر ٹی ٹی پی کا حملہ، ایک اہلکار و حملہ آور ہلاک

596

بلوچستان کے ضلع واشک میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چوکی پر حملہ کرکے ایک لیویز اہلکار کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات واشک خاران روڈ دالی کے مقام پر قائم لیویز چوکی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

حکام کے مطابق مذکورہ حملے میں لیویز کے دو اہلکار سیکنڈ انچارج نعمت اللہ سمالانی اور رحمت اللہ شدید زخمی ہوئے، جنیں لیویز فورس بیسمہ نے سول ہسپتال بسیمہ منتقل کرنے کے بعد مزید طبی امداد کے لئے کوئٹہ منتقل کر دیا تاہم راستے میں نعمت اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے ایک ساتھی کے مارے جانے کی بھی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان ٹی ٹی پی نے دعویٰ کیا کہ حملے میں لیویز کے تین اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ اس کاروائی میں ٹی ٹی پی کا رکن انس بلوچ بھی ہلاک ہوگیا۔