بلوچستان کے ضلع آواران کے تحصیل جھاؤ کے مختلف سکولوں کے طالبات نے کتب کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے موجودہ وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کے آبائی علاقہ جھاؤ کے مخلتف اسکولوں کے بچوں نے واجہ باغ بازار میں نصابی کتب کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کتب کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی بچوں کے مطابق پچھلے سال بھی کتابیں نہ ملنے کے سبب تعلیمی سال شدید متاثر ہوا تھا جبکہ موجودہ سال شروع ہوئے ہفتہ گزر جانے باوجود کتابیں نہیں ملی ہیں۔
بچوں کے مطابق پچھلے سال انکا پورا تعلیمی سال ضائع ہونے پر انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اس سال بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا خطرہ ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے 56کروڑ کی رقم ریلیز نہ ہونے کے سبب رواں سال محکمہ تعلیم کی جانب سے رقم نہ ملنے پر پبلشرز نے مفت کتب کی چھپائی روکی ہوئی تھی ۔
بلوچستان کے سرکاری اسکولز اور کالجز میں نئے تعلیمی سال کیلئے جماعت اول سے بارویں تک گیارہ لاکھ طالب علموں کومفت کتب ملنے کا امکان کم ہوگیا تھا۔