سعودی عرب کا ایران میں سرمایہ کاری کا اعلان

361

سعودی عرب نے ایران میں جلد سرمایہ کاری کا اشارہ دے دیا-

سعودی عرب کے وزیر مالیات محمد الجدعان نے امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک کو استحکام چاہیے ہم ایک دوسرے کو معاشی ترقی کے مواقع اور سہولیات دیں گے-

الجدعان نے کہا کہ ایران سعودی معاہدے میں اس بات کا عہد بھی کیا گیا ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی سلامتی کا احترام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ایران اور سعودی عرب پڑوسی ہیں اور انہیں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہی رہنا ہے۔

واضح رہے چند روز قبل چین کی ثالثی میں سعودی اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کی کوششوں سے ایران اور سعودی عرب کے حکام کے مابین 6 سے 10 مارچ مذاکرات ہوئے تھے۔

اس حوالے سے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا تھا یہ معاہدہ ایک ایسے خطے میں چین کی سفارتی فتح ہے جس کی جغرافیائی سیاست پر امریکہ کا غلبہ ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن کو معاہدے کی اطلاعات پر تشویش ہے، لیکن وہ یمن میں جنگ کے خاتمے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کسی بھی کوشش کا خیر مقدم کرتا ہے۔