ہم سب سے پہلے بلوچ ہیں، بلوچستان ہماری سرزمین اور شناخت ہے ۔خاران تقریب

374

رخشاں لبزانکی چاگرد کے زیر اہتمام مادری زبان کی اہمیت اور بلوچی زبان و ادب کے عنوان پر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت رخشاں لبزانکی چاگرد کے نومنتخب صدر ثنا اللہ سیاپاد جبکہ مہمان خاص بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق ضلعی صدر نامزد چیرمین ڈسٹرکٹ کونسل حاجی میر محمد جمعہ کبدانی تھے ۔ اس موقع پر حاجی میر محمد جمعہ کبدانی نے رخشاں لبزانکی چاگرد کے نومنتخب کابینہ کو حلف دیا ۔

تقریب میں طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ علم و ادب سے لگاؤ رکھنے والے شعرا ادبا بھی کثیر تعداد میں شریک تھے ۔

حاجی میر محمد جمعہ کبدانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے بلوچ ہیں، بلوچستان ہماری سرزمین اور شناخت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومیں قتل و غارتگری سے ختم نہیں ہوسکتے بلکہ اپنی زبان اور ثقافت اور قومی سوچ و اقدار کو پس پشت رکھنے کی وجہ سے اپنی تاریخی اہمیت کھو دیتے ہیں بلوچ دنیا کا واحد قوم ہے جو اتنی ظلم جبر و استبداد و استحصال کے باوجود اپنی زبان ثقافت کو اپنی مدد آپ کے تحت زندہ رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور ان کی قومی حیثیت اور بقا کو ہمیشہ مقدم جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رخشاں لبزانکی چاگرد کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے جس سے نوجوانوں کی تخلیقی سوچ اور قومی شعور کو پروان چڑھانے اور بلوچی زبان و ادب کی آبیاری میں مدد ملے گی ۔

اس موقع پر انہوں نے رخشاں لبزانکی چاگرد کی طرف سے زیر طبع کتب کی اشاعت کے لیے ایک لاکھ روپے اور رخشاں لبزانکی چاگرد کے لیے مخصوص پلاٹ کی فراہمی کا بھی یقین دہانی کروائی۔