کراچی: حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

752

گذشتہ شب کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملہ کرنے والے تینوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں میں خودکش دھماکہ کرنے والے کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا۔ ایک کا تعلق لکی مروت سے جبکہ تیسرا دتہ خیل شمالی وزیرستان کا رہائشی تھا۔

علاوہ ازیں حملہ آور گاڑی نمبر ALF 043 میں آئے جو محمد کامران نامی شہری کے نام سے رجسٹرڈ ہے، گاڑی رجسٹریشن کی تفصیل کے مطابق لانڈھی کے رہائشی کے استعمال میں تھی۔

پولیس نے بھینس کالونی سے کار کے مالک کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ کار مالک کا کہنا ہے کہ اُس نے گاڑی شوروم پر فروخت کی تھی، وہاں سے کسے بیچی گئی اس بارے میں وہ نہیں جانتا۔

بی ڈی ایس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کے جسم پر نصب 2 خودکش جیکٹس، 8 دستی بم اور 3 گرنیڈ لانچر ناکارہ حالت میں ملے، برآمد خودکش جیکٹس 8 سے 10 کلو وزنی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر حملہ ہوا تھا جہاں حملہ آوروں نے کئی گھنٹوں تک پولیس آفس کو اپنے قبضے میں لے لیا اور متعدد اہلکاروں کو ہلاک اور زخمی کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔