شدید زلزلہ، ترکیہ میں 53، شام میں 42 ہلاکتیں

490

ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا جس سے شام میں 42 جبکہ ترکیہ میں 53 افراد کے جاں بحق ہونےکی اطلاعات آئی ہیں جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان اور اسرائیل میں بھی آئے ہیں۔

زلزلے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سےجنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔

ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو اداروں کی ٹیموں کے علاوہ مقامی افراد بھی ملبے میںدبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ترکیہ کے جنوبی شہر کہرا منمار اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کیشدت 7 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا 4 بجے آیا، جب بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔

زلزلے کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، لوگ خوف کے باعث سڑکوں پر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیےگئے۔

زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیہ کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کیے گئے۔

ترک سرکاری ٹی وی کے مطابق ترکیہ کے جنوب میں آئے زلزلے سے سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بڑے زلزلے کے بعد کم از کم32 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔