تربت: ڈرائیور نے جان پر کھیل کر آبادی کو تباہی سے بچا لیا

466

جمعرات کی شام تربت کے علاقے جوسک آئل منڈی میں آبادی کے اندر ایک تیل بردار ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی مگر ڈرائیور نے آبادی اور تیل کی دکانوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر گاڈی آبادی سے دور لے گیا تاہم اس دوران آگ سے ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

آگ کی اطلاع ملنے پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت فائر بریگیڈ ٹیم نے وہاں پہنچ کر آگ بجھادی جبکہ زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کردیا جہاں ان کی حالت خطرے میں بتائی جارہی ہے۔

عوامی حلقوں نے آتشزدگی کے اس واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے اور ڈرائیور کی بہادری پر اس کی زبردست تعریف کی ہے، انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ڈرائیور کے علاج کے لیے مناسب بندوبست کرے۔

دوسری جانب عوامی حلقوں نے میونسپل کارپوریشن تربت کی فائر بریگیڈ ٹیم کے انچارج محمد اشرف کے رویہ پہ اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی شہر میں آتشزدگی کا کوئی واقعہ پیش آئے تو اشرف مختلف حیلے بہانے بناکر فوراً وہاں آنے کی بجائے دیر سے پہنچتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت کہدہ عبدالستار دشتی اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ سے فائر بریگیڈ انچارج محمد اشرف کے خلاف فوری ایکشن لے کر انہیں معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔