اگر آپ آئی فون استعمال کرتے ہیں تو ایپل نے ڈیوائس کو فوری اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی فونز، آئی پیڈز، سفاری ویب براؤزر اور میک او ایس وینچرا آپریٹنگ سسٹم کے لیے سکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کی گئی ہیں تاکہ ایک بڑی سکیورٹی کمزوری کو دور کیا جاسکے۔
ویسے تو اس طرح کی اپ ڈیٹس عام ہوتی ہیں مگر کمپنی کی جانب سےعموماً فوری اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ نہیں دیا جاتا۔
کمپنی کے مطابق سکیورٹی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر ہیکرز ایپل ڈیوائسز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ایپل ٹی وی اور ایپل واچ کے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے بھی سکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔
ایپل کی جانب سے سکیورٹی کمزوری کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
مگر خیال کیا جا رہا ہے کہ اوپن سورس براؤزر انجن WebKit کو اس کمزوری کے ذریعے ہدف بنایا جاسکتا ہے۔
ایپل کی تیار کردہ ڈیوائسز میں سکیورٹی کمزوری کا انکشاف نجی محققین نے کیا تھا۔
اس سے قبل ایپل کی جانب سے اگست 2022 میں بھی اسی طرح کی اپ ڈیٹس آئی پیڈز، آئی فونز اور دیگر ڈیوائسز کے لیے جاری کی گئی تھیں۔