کوئٹہ: پلاسٹک بیگز کی فروخت پر 7 دکاندار گرفتار، دکانیں سیل

139

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر شہک بلوچ کی ہدایت پر شہر میں پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ عطاء المنیم نے پلاسٹک بیگز فروخت کرنے والے ڈیلروں اور دکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 دکاندار گرفتار اور ان کی دکانیں سیل کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ عطاء المنیم کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ کے حکم اور صوبائی حکومت کے احکامات پر پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔کیونکہ شہرمیں پلاسٹک بیگز کی خرید وفروخت پر مکمل پابندی ہے اس کی وجہ سے انسانی صحت، ماحولیاتی آلو دگی اور نکاسی آب کے سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں جس کے پیش نظر پورے ضلع میں پلاسٹک بیگز کے خلاف سخت اوموثر کارروائیاں شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کے احکامات پرپوراپورا عملدرآمد کررہی ہے اور پلاسٹک بیگز کی خریدو فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ پلاسٹک بیگز کے خلاف صوبائی حکومت کے احکامات کے عین مطابق مکمل خاتمہ کیاجائیگا تاکہ ماحول کی آلو دگی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔لہٰذا شہری پلاسٹک بیگز کی بجائے کاغذ اور متبادل اشیاء استعمال کریں تاکہ ان کی صحت محفوظ،شہر صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو۔