پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے ترجمان نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ طلباء کے پُرامن احتجاج پر پولیس اور لوکل انتظامیہ کا بدترین لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئے روز پنجاب میں بلوچ طلباء کو ہراساں کرنے کے نتائج بھیانک ہوسکتے ہیں کیونکہ ایک طرف ریاستی مشینری بلوچ طلباء کو معیاری تعلیم کے نام پر اسپیشل ایڈمیشن دیتی ہے اور دوسری طرف بلوچ طلباء کو کبھی ہاسٹل میں ہراساں کرتی نظر آتی ہے تو کبھی پُرامن احتجاج پر بدترین لاٹھی چارج کرتی نظر آتی ہے۔
آج بھی بلوچستان کے طلباء پنجاب میں سب سے زیادہ ہراسانی کا شکار ہوئے ہیں۔ ان مسائل کی وجہ سے بلوچستان کے اکثر طلباء اپنی سیٹ چھوڑ کر بلوچستان میں منشیات اور دیگر غیر انسانی فعل میں ملوث ہوجاتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب بشمول پنجاب یونیورسٹی کے انتظامیہ بلوچ طلباء کے مسائل کا فوری حل تلاش کرے اور بلوچستان کے طلباء مزید ریلیف دے تاکہ بلوچستان کے طلباء تعلیم سے آراستہ ہوسکیں۔