قلات: گیس و بجلی کی عدم فراہمی، شہری سراپا احتجاج

316

قلات کے علاقہ مکینوں نے بجلی و گیس کے کمی و بنیادی سہولیات سے محرومی کے خلاف خواتین و بچوں کے ہمراہ احتجاجاً گوئٹہ کراچی شاہرہ پر دھرنا دے دیا۔

قلات میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کی بندش کے خلاف خواتین اور بچوں نے مڈوے کے مقام پر روڑ بلاک کرکے احتجاج کیا، احتجاج کے باعث مرکزی شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا-

اس دوران مظاہرین نے انتظامیہ کی نااہلی و سست روی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ قلات میں نہ بجلی ہے نہ گیس فراہم کیا جاتا ہے، قلات جو ملک کے سرد ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے اور یہاں سردیوں میں اکثر و بیشتر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہوتا ہیں مگر اس سرد ترین علاقے کو نہ بجلی فراہم کیا جاتا اور نہ سوئی گیس فراہم کی جاتی ہے –

علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ قلات میں سوئی گیس گزشتہ کئی سالوں سے معطل ہے اور سوئی گیس کی پریشر انتہائی کم ہے مگر کمپنی کی جانب سے سلو چارجز کے نام سے قلات کے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کیسکو قلات اور سوئی گیس کی ظلم و زیادتیوں کے باعث آج خواتین اور بچے اپنے گھروں سے نکل کر احتجاج کررہے ہیں یہ کیسکو اور سوئی گیس کمپنی کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔ قلات میں عوام کیسکو اور سوئی گیس کی نااہلی سے تنگ آچکے ہیں اور سوئی گیس کمپنی کی جانب سے کئی بار عوامی احتجاج کے باوجود گیس فراہم نہ کرنا قلات کے شہریوں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم آج اپنے حق کے لیئے سڑکوں پر نکلے ہیں اگر ہمیں گیس بجلی نہیں دیا گیا تو ہم احتجاج کا دائرہ پو رے صوبے تک پھیلادیں گے جس کی ذمہ داری کیسکو حکام اور سوئی گیس کمپنی پر عائد ہوگی –