جبری گمشدگی کے شکار عبدالحمید زہری کی اہلیہ نے کراچی میں قائم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ سے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا اگر شوہر الزام ہے تو عدالتوں میں پیش کرکے منظر عام پر لایا جائے-
عبدالحمید زہری کی اہلیہ فاطمہ بلوچ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا انکے شوہر عبدالحمید زہری کو پاکستانی خفیہ اداروں اور سندھ پولیس کے اہلکار گھر سے اُٹھا کر لے گئے۔ فاطمہ کے مطابق پولیس نے انھیں بتایا کہ وہ کچھ تفتیش کے بعد عبدالحمید کو واپس چھوڑ دینگے-
عبدالحمید زہری کو 10 اپریل سال 2021 کو کراچی سے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا تھا، عبدالحمید کے اہلخانہ انکے جبری گمشدگی کے خلاف گذشتہ دو سالوں سے کراچی، اسلام آباد سمیت بلوچستان میں احتجاج ریکارڈ کراچکے ہیں-
فاطمہ بلوچ کا کہنا تھا کہ شوہر کی جبری گمشدگی کے خلاف اور انصاف کی فراہمی کے لئے وہ لاپتہ افراد کے لئے بنائے گئے کمیٹی اور کمیشنز کے سامنے پیش ہوئی عدالتوں میں کیس جمع کرائے البتہ کوئی شنوائی نہیں ہوئی-
فاطمہ بلوچ نے انسانی حقوق کے اداروں اور حکومتی ارکان سے شوہر کی بازیابی میں کردار ادا کرتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا-