نیشنل پارٹی کیچ کے مشاورتی کمیٹی کا اجلاس تربت میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی صدر مشکور انور، مرکزی کمیٹی کے رکن و ریجنل سیکرٹری برائے مکران ابولحسن بلوچ، مرکزی فنانس سیکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، بی ایس او پجار کے وائس چیئرمین بوہیر صالح اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں عوام کو درپیش مسائل بلخصوص غیر قانونی ٹرالنگ، بارڈر میں ریکارڈ کرپشن، بھتہ خوری، ٹوکن سسٹم، ترقیاتی فنڈز میں تاریخی کرپشن کے خلاف تحصیلوں کو فوری اجلاس طلب کرنے اور کارنر میٹنگ اور جلسے منعقد کرنے کے ہدایات جاری کئے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ عوام دشمن، کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کے غیر سیاسی، غیر جمہوری، آمرانہ اقدامات سے مکران میں سیاسی معاشی اور سماجی مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالنگ اور بارڈر کرپشن میں حکومت اور اسکے اتحادی جماعتیں برابر شریک ہیں۔ حقوق کی آواز کو طاقت سے دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
نیشنل پارٹی ریکوڈک کے سوداگروں، بارڈر کرپشن اور گوادر کے عوام پر طاقت کا استعمال کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کریگی۔
انکا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے رات کے اندھیرے میں قومی وسائل کا سودا کیا ہے وہی گوادر کے عوام پر آپریشن کررہے ہیں نیشنل پارٹی مشکل حالات میں عوام کے ساتھ ہے اور بارڈر میں ٹوکن سسٹم، غیر قانونی ٹرالنگ، ترقیاتی اسکیمز میں کرپشن کے خلاف ضلع بھر میں عوامی رابطہ مہم و آگاہی مہم کا آغاز کرے گا۔
نیشنل پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ عوام پر ہونے والے زیادتیوں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔