بلوچستان کے ضلع خاران ے میں گزشتہ ہفتے سی پیک خاران یک مچ روڈ پر قائم لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
تاہم خاران لیویز نے گزشتہ رات خاران کے علاقے گواش ایریامیں کارروائی کر کے 17مشتبہ افراد کو حملے کے الزام میں حراست میں لیکر لیویز تھانے خاران منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گواش ایریا میں لیویز کارروائی میں گرفتار افراد سے لیویز اور سی ٹی ڈی تفتیش کررہی ہے، گرفتار افراد کی شناخت محمد قاسم ولد ساول، حاجی عرض ولد دل مراد، حوالدار نذرمحمد ولد اللہ داد، امان اللہ ولد محمد قاسم، حفیظ اللہ ولد نامعلوم، خدا نظر ولد خدا بخش، میران گل ولد محمد افضل، شیر محمد ولد غلام حیدر کے ناموں سے ہوئی، جبکہ مذکورہ افراد مبینہ طور پر سرکاری حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان بتائے جاتے ہیں تاہم اب تک خاران انتظامیہ کی جانب سے گرفتاری کی مکمل تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال 20 دسمبر کومسلح افراد نے بھٹ لیویز چیک پوسٹ کو لوٹنے کے مقصد سے حملہ کیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں لیویز دفعدار محمد آساء مزارزئی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
گذشتہ شب لیویز نے ڈپٹی کمشنر خاران کی سربراہی میں گواش کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 17 ملزمان گرفتار کرلیے ہیں جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔