بلوچ اسٹوڈنٹس الائنس کا تربت تریونیورسٹی میں سمسٹر فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ طلبہ نے پانچویں روز یونیورسٹی کے احاطے میں ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔
اسٹوڈنٹس الائنس تربت کی جانب سے تربت یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے سمسٹر، داخلہ اور ٹرانسپورٹ فیسوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔
گزشتہ روز وائس چانسلر اور آل پارٹیز کیچ کے نمائندوں نے طلبہ سے ملاقات کرکے انہیں مارچ تک فیس جمع نہ کرنے اس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کو فیسوں میں اضافہ کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار دیتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تاہم احتجاجی طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مزاکرات کی خبر اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنے تک احتجاجی کیمپ ختم نہ کرنے پر اصرار کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
طلبہ رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ انتظامیہ مزاکرات کے ذریعے مسلہ حل کرنے کی بجائے مہلت لے رہی ہے اس لیے مزاکرات کی خبر یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر شائع کرنے سے گریزاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ دھوکے میں آنے کی بجائے اضافی فیسوں کا فیصلہ واپس لینے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
آج مکران میڈیکل کالج کے طلبہ نے اسٹوڈنٹس الائنس تربت کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے اظہارِ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔