افغانستان میں خواتین پر پابندیاں، آسٹریلیا نے ون ڈے میچز کھیلنے سے انکار کردیا

179

افغانستان میں خواتین پر تعلیمی و دیگر پابندی کے ردعمل میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے مارچ میں افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے مینز ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

وہیں آسٹریلیا کے اس کے فیصلہ کے ردعمل میں افغان کرکٹر بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے علیحدہ ہونے پر غور کررہے ہیں۔

کرکٹر راشد خان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بِگ بیش (بی بی ایل) سے نکلنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے راشد خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے اور ہم نے عالمی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

راشد خان نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے نے ہمیں پیچھے دھکیل دیا ہے، کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ افغان کرکٹر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر افغاستان کے خلاف کھیلنا آسٹریلیا کو بے سکون کر رہا ہے تو میں بی بی ایل میں اپنی موجودگی سے کسی کو بے سکون نہیں کرنا چاہتا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ دی۔ نوین الحق نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اب یہ کہنے کا وقت آ گیا ہے کہ میں بگ بیش لیگ میں حصہ نہیں لوں گا۔

انہوں نے لکھا کہ جب تک کرکٹ آسٹریلیا بچکانہ فیصلے ختم نہیں کرے گا بی بی ایل میں شرکت نہیں کروں گا۔نوین الحق نے کہا کہ لکھا کہ پہلے واحد ٹیسٹ میچ سے پیچھے ہٹے اور اب ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے۔

افغان  کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ایسے ملک کو جسے سپورٹ کی ضرورت ہے آپ ان سے ایک خوشی کی وجہ واپس لے رہے ہیں.

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان ون ڈے کرکٹ سیریز ختم کردی گئی جو کہ مارچ میں شیڈول تھی۔ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ فیصلہ طالبان کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم اور ملازمت پر پابندی کی وجہ سے کیا گیا۔

آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طالبان کے خواتین کے حقوق سے متعلق فیصلوں کے باعث کرکٹ سیریز سے دستبردار ہونا پڑا۔ نک ہوکلے نےکہا ہے کہ طالبان کے نومبر اور دسمبر کے فیصلوں نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق میں فرق ڈالنے کے اشارے دیے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق میں فرق کی وجہ سے ہمیں دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔ نک ہوکلے نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبرداری کے فیصلے کو ہم نے ہلکا نہیں لیا، اس حوالے سے حکومت سے تفصیلی مشاورت کی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ یہ بڑی چیلنجنگ اور افسوس ناک صورتِ حال ہے۔ نک ہوکلے نے کہا کہ ہم سیریز کھیلنے کے لیے پُرامید تھے اور افغان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اپنی حکومت سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ اس وقت افغانستان کے خلاف مارچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول آئی سی سی سپر لیگ کی تین میچز کی ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو رہے ہیں

یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع اور پارکس اور جم تک رسائی پر مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان سمیت دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہتر حالات کی توقع میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔