آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع

248

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن آج پاکستان پہنچ گیا جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔

آئی ایم ایف کا وفد پاکستانی وفد کے ہمراہ اہم مذاکرات کرے گا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے، جب کہ ناتھن پورٹر آئی ایم ایف وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

ملاقات میں نویں جائزہ مشن پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین دو فروری تک تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے۔

آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان میں 10روز قیام کرے گا، جائزہ مشن اور پاکستان کے مابین 1.1ارب ڈالر کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات ہوں گے۔

آج سے شروع ہونے والے ٹیکنیکل مذاکرات جمعہ کے روز تک جاری رہیں گے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاشی ڈیٹا کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد 9 فروری تک پالیسی سطح کے مذاکرات ہونگے، پالیسی سطح کے مذاکرات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ نویں اقتصادی جائزے کی تکمیل پر پروگرام ٹریک پر آنے اور ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

مذاکرات میں آئی ایم ایف کو جولائی تا دسمبر 2022 معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات اور اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس محاصل، ایکسچینج ریٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، انرجی سیکٹر اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، جب کہ گردشی قرضے اور نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔