کشتی ڈوبنے کا حادثہ، جاں بحق طالبعلموں کی تعداد 44 ہوگئی

253

پاکستان کے صوبہ خیبرپپختونخواہ کے علاقے کوہاٹ تانڈہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں مزید 14 طالبعلموں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی ہے-

اتوار کے روز کوہاٹ میں تانڈہ ڈیم میں سیر کے دوران کشتی ڈوبنے کے واقعے میں سوار مدرسے کے لاپتہ طالبعلموں کی تلاش کا کام منگل کے روز بھی جاری ہے اور آج مزید 14 طالبعلموں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی گئی ہیں جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق طلبہ کی تعداد 44 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل اتوارکے روز 11 جب کہ گزشتہ روز 19 بچوں کی لاشیں نکالی گئی تھیں۔ گزشتہ روز تاریکی ہونے کے باعث ریسکیو کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا جس کو آج صبح دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کے روز سیر کے لیے جانے والے بچوں کی کشتی تانڈہ ڈیم میں ڈوب گئی تھی۔ کشتی میں 40 سے زائد افراد سوار تھے جس کی وجہ سے وہ الٹ گئی۔ اس واقعے میں مدرسے کے معلم، ملاح سمیت مزید کچھ بچوں کی تلاش جاری ہے جب کہ 6 کو بچا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب تاندہ ڈیم کشی حادثے میں جاں بحق 20 طلبا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں مدارس کے طلبہ، اساتذہ، عزیز واقارب اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پشاور خودکش دھماکا اور کشتی ڈوبنے کے سانحات پر آج پاکستانی صوبہ خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔