تربت یونیورسٹی: طلباء کا احتجاج موخر کرنے کی تردید

275

تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی یقین دہانی پر طلبہ نے احتجاج عارضی طور پر ختم کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

مقامی میڈیا کے مطابق آل پارٹیز کیچ کے وفد نے قائم مقام کنوینئر محمد جان دشتی کی سربراہی میں تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جان محمد بلوچ سے ملاقات کی اور ان سے تربت یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے اور طلبہ احتجاج کے حوالے سے بات چیت کی۔

وائس چانسلر نے کہاکہ طلبہ کے مشکلات سے ہم آگاہ ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ طلبہ کے مشکلات کے ساتھ یونیورسٹی کے مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے ایک بہتر فیصلہ کریں، چونکہ یہ ہماری ایک مشترکہ کمیٹی کا فیصلہ ہے لہذا کمیٹی کا اجلاس مارچ میں بلاکر ایک بہتر فیصلہ کریں گے۔

بعد ازاں آل پارٹیز کیچ کے وفد اور وائس چانسلر تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد، پرو وی سی ڈاکٹر منصور احمد، سماجی شخصیت حمل بلوچ ودیگر رہنماؤں نے احتجاج پر بیٹھے طلبہ الائنس کے ساتھ مزاکرات کیے، وائس چانسلر نے طلبہ کے مطالبات سننے کے بعد کہاکہ مارچ میں کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائےگا جہاں طلبہ اور ادارے کے مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے درمیانی فیصلہ کیا جائے گا۔

احتجاج کو موخر کرنے پر طلبا نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا کہ احتجاج جاری ہے۔ طلبا نے کہا کہ وائس چانسلر نے جب تحریری طور پر لکھنے کے بجائے ہمیں زبانی تسلی دی تو ہم نے احتجاج کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔