ہدایت الرحمٰن نے ریاست کیخلاف علم بغاوت بلند کر رکھا ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان

296

بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے پریس کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حق دو تحریک کے رہنماء مولانا ہدایت الرحمن نے حکومتی وفد سے مذاکرات میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ حق دو تحریک کے مطالبات منظور کرکے لوگوں کے مسائل حل کریں لیکن مولانا ہدایت الرحمن نے ریاست کیخلاف علم بغاوت بلند کر رکھا ہے۔ حق دو تحریک کے مطالبات منظور کرکے ہی ہم نے دھرنا ختم کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حق دو تحریک سے خود مذاکرات کیے لیکن مولانا ہدایت الرحمن نے اپنی سیاست چمکانے کیلئے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

حق دو تحریک کے دھرنے کی وجہ سے سی پیک شاہراہ بند تھی جس کے باعث سی پیک کا کام متاثر ہورہا تھا۔ ہم نے بہت کوشش کی کہ پرامن طور پر دھرنے کے مطالبات منظور کیے جائیں لیکن مولانا ہدایت الرحمٰن نے مذاکرات میں شرکت نہیں کی اور اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے حق دو تحریک کے ایک سال سے جاری احتجاج اور دھرنوں کو کچھ نہیں کہا لیکن ذاتی مفادات حاصل کرنے کیلئے وہ عوام کو غلط راہ پر لے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن حکومت کو دھمکیاں دیتے رہیں ہم نے کچھ نہیں کہا۔ کسی کو بھی بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ سی پیک بلوچستان کی ترقی ہے لیکن ہمارے مہمان اور بھائی چائنیز کیخلاف بھی انہوں نے تقریریں کیں جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔