صوبہ بندی کے نام پر کوہلو کے تاجروں کا جینا محال ہے – پریس کانفرنس

194

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں تاجر برادری نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دوکانداری کے تمام تر سامان پنجاب سے لائے جاتے ہیں مگر صوبہ بندی کے نام پر بارڈر ملٹری پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہمارا جینا محال کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارڈ ملٹری پولیس نے صوبہ بندی کے نام پر رشوت اور بھتہ خوری کا بازار گرم کر رکھا ہوا ہے جہاں فی ٹرک کے لئے دو سے تین لاکھ روپے لیکر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھتہ نہیں دیتا اس پر ناجائز ایف آئی آر درج کرکے ڈرائیور حضرات پر تشدد کیا جاتا ہے، اشیاء خورد و نوش کی بندش کے باعث ضلع کوہلو میں آٹا، گندم، کھاد سمیت دیگر ضروری اشیاء کی شدید قلت پیدا ہورہی ہے۔

تاجر برادری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ کیسا صوبہ بندی ہے آج ہمارا گیس، کوئلہ اور دیگر معدنیات باآسانی سے پنجاب جاتے ہیں مگر پنجاب اپنے آٹا، گندم بھی بلوچستان کو نہیں دیتا واضح کیا جائے کیا ہم پاکستانی نہیں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدلقدوس بزنجو اور صوبائی حکومت اس کا نوٹس لے کر ہمیں اس جبر سے بچائیں۔