بھارت پاکستان میں امن نہیں چاہتا۔ حنا ربانی

312

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں تخریب کاری کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے اور اس کے ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کا احتساب کرے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ آج دنیا اورخطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افسوس ہے کہ آج ایسے معاملے پربات کرنے آئی ہوں، تخریب کاری کرانے والا خود کو تخریب کاری کا سب سے بڑا شکار قرار دیتا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ صبح سیکرٹری خارجہ نے غیرملکی سفیروں کوبھارت کے تخریب کاری میں ملوث ہونے کے بارے میں بریفنگ دی، بھارت نے جوہر ٹاﺅن لاہور میں تخریب کاری کی، ہم نے تحقیقات مکمل ہونے اور ثبوتوں کا انتظار کیا، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے، جوہر ٹاﺅن تخریب کاری بھارت کا منصوبہ تھا اور اس کو بھارت نے سر انجام دیا، جن کو اس تخریب کاری میں سزا ہوئی وہ صرف فرنٹ مین تھے۔

انکا کہنا تھا کہ اس واقعے کے اصل کردار بھارتی ریاستی پشت پناہی میں آزاد ہیں، پاکستان اس حوالے سے آواز اٹھاتا رہے گا۔بھارت مسلسل بلوچ علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے زیادہ کسی نے تخریب کاری کا فائدہ نہیں اٹھایا اور پاکستان وہ ملک ہے جو تخریب کاریتا کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، اگرآپ پڑوسیوں کے گھر میں آگ لگانے کی کوشش کریں گے تو آگ آپ کے گھر بھی آئے گی، بھارت نے عالمی سطح پر انسداد تخریب کاری کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے، بھارت خطے میں تخریب کاری کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے، بھارت کو اس پالیسی سے پیچھے ہٹنا ہوگا، ایمانداری سے سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری بھارت کا احتساب کرے گی، اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ارکان سے بھارت کو دیا گیا ڈوزیئر شیئرکیا ہے، بھارتی شہریوں کے بارے میں ریڈ وارنٹس جاری ہوچکے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت سے جو کارروائیاں ہورہی ہیں اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، صرف بھارت کو اگر ذمہ دار نہ بھی سمجھیں تو ماضی اور حالیہ واقعات وہاں سے تخریب کاری ثابت کرتے ہیں، کلبھوشن کیس میں بھی پاکستان نے ثبوت پیش کیے، بھارت بی ایل اے کو بھی پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے، بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف لاہور تخریب کاری میں ملوث ہونے کا ناقابل تردید کیس ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اس کو دیکھے۔