امریکا میں پاکستانی قونصلیٹ کی عمارت کی فروخت کا فیصلہ ، ہائیکورٹ میں چیلنج

189

امریکا میں پاکستانی قونصلیٹ کی عمارت کی فروخت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے لاہور ہائیکورٹ میں پاکستانی قونصلیٹ امریکہ کی بلڈنگ کو فروخت کرنے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا۔

درخواست پاکستانی شہری عصمت اللہ نے رانا سکندر ایڈووکیٹ کی وساطت سے داٸر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم پاکستان نے قونصلیٹ کی عمارت فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا اور اخبارات میں اس حوالے سے متعدد خبریں گردش کر رہی ہیں،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی قونصلیٹ کی عمارت فروخت کرنے کی تصدیق کی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ قونصلیت کی عمارت 68 لاکھ ڈالرز میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ اس کی تزٸین و آراٸیش کے لیے بنک سے ستر لاکھ ڈالر قرض کیا گیا، کم قیمت میں عمارت فروخت کرنے سے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ذمہ دار افراد کو قونصلیٹ کی عمارت فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دے۔