گوادر میں دھرنے پر کریک ڈاؤن، پشتوں رہنماؤں کی مذمت

278

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گذشتہ دنوں حق دو تحریک کے دھرنے پر فورسز کی کریک ڈوان، تشدد اور گرفتاریوں پر پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء منظور پشتین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ بلوچوں کو کہا جاتا ہے کہ آئین کے دائرے میں رہ کر پرامن طریقے سے اپنے حقوق کی بات کروگے تو ریاست مسئلے حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مگر جب کئی دنوں سے گوادر میں بلوچ پرامن طریقے سے احتجاج کررہے ہیں تو ان پر تشدد بھی کیا جاتا ہے اور مطالبات بھی نہیں مانے جاتے ہیں۔ کیوں عوام کو بدظن کیا جا رہا ہے؟

پشتون رہنما سابق سینیٹر افراسیاب خٹک نے لکھا ہے کہ گوادر میں بلوچ عوام کے جائز مطالبات کے لیے ہونے والے پرامن مارچ پر حکومتی تشدد نے ثابت کردیا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ وہ محض ریت کی بوری ہے جسے اصلی حکمرانوں نے اپنے دفاع کے لیے سامنے رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں کے ذریعے حکمرانی دائمی نہیں ہوسکتی ہے۔