کابل میں پاکستانی سفار تکار پر حملے کا ملزم گرفتار

184

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملے کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم پاکستانی سفارتخانے کے قریب عمارت کی آٹھویں منزل پر رہائش پذیر تھا اور ملزم نے اپنے فلور کے تین کمروں میں آئی ای ڈیز بچھا رکھی تھیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ افغان سکیورٹی حکام کے پہنچنے پر ملزم نے رسی کی مدد سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی تاہم اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اے کے 47 رائفل، لانگ رینج خود کار رائفل، اسنائپر رائفل سمیت دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

افغان سکیورٹی حکام نے ایک اور مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں محافظ زخمی ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل حملے میں زخمی سپاہی کو پشاور پہنچا دیا گیا ہے۔

پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے کابل میں ہیڈ آف مشن پر قاتلانہ حملے پر شدید احتجاج کیا اور واقعے کی تحقیقات اور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔