بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فوج کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے میں نشانہ بنایا ہے۔
فورسز کی گاڑی پر دھماکہ کیچ کے علاقے ہوشاپ میں سند بازار میں آج صبح ہوا ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے راستے پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جب فورسز کی گاڑی گذر رہی تھی تو زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فورسز کی مزید تفری بھی مذکورہ مقام پر پہنچی۔
حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔
بلوچستان میں فورسز اور حکومتی حمایت یافتہ افراد پر گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والا یہ تیسرا بم حملہ ہے۔
قبل ازیں گذشتہ روز خضدار شہر میں بلوچ لبریشن آرمی کیجانب سے ایک مقناطیسی بم حملے میں حکومتی حمایت یافتہ دو افراد کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے ایک شخص عبدالغنی گذشتہ رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب گوادر میں ہونے والے دستی بم حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔ تنظیم کے بیان میں بتایا گیا کہ حملے میں عسکری تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او کے حفاظتی چوکی پر موجود اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
آج ہوشاپ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔