قلات پولیس چوکی پر بم حملہ، اہلکار زخمی

290

بلوچستان کے ضلع قلات میں پولیس چوکی کو نامعلوم افراد نے بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شب قلات شہر چشمہ پولیس چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ دھماکے کی آواز پورے شہر میں سنی گئی۔

بم حملے میں پولیس چوکی میں موجود محمد یونس نامی پولیس ڈرائیور زخمی ہوگئے جسے فوری طور پر کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے-

دھماکے کے بعد پولیس سمیت دیگر فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سخت چیکنگ شروع کردی ہے ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

قلات بلوچستان کے ان علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں شورش زیادہ ہے جس کے باعث فورسز کے علاوہ سرکاری املاک پر حملے بھی ہوتے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں نے قبول کی ہے-