خاران: جبری گمشدگی کے شکار تین افراد بازیاب

322

بلوچستان کے ضلع خاران سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار تین افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

بازیاب ہونے والوں میں دو بھائی جعفر بادینی اور یوسف بادینی سمیت اللہ نور ولد حسن نور شامل ہیں۔ مذکورہ افراد کے بازیابی کی تصدیق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کردی ہے۔

بازیاب ہونے والوں کو بلوچستان کے علاقے خاران سے گزشتہ ماہ پاکستانی فورسز نے جبری لاپتہ کردیا تھا۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کی ہلاکت کے کیس میں خاران سے گزشتہ ماہ مختلف اوقات میں متعدد نوجوان پاکستانی فورسز کے ہاتھوں اغواء ہوئے تھے۔ ان میں شامل تین بھائی جعفر بادینی، یوسف بادینی اور پرویز بادینی بھی شامل تھے۔

اس کے علاوہ فورسز نے خاران سے ایک اور نوجوان اللہ نور ولد حسن نور جبکہ کوئٹہ سے جعفر اور یوسف کے کزن نوید بادینی کو بھی حراست میں لیا تھا۔ جعفر بادینی، یوسف بادینی اور اللہ نور بازیاب ہوگئے جبکہ باقی افراد تاحال زیر حراست ہیں۔

اسی دوران یلانزئی فیملی سے عجاب یلانزئی اور شفقت یلانزئی بھی مختلف اوقات میں اغواء ہوئے، جنہیں سی ٹی ڈی نے باقاعدہ محمد نور مسکانزئی کیس میں مرکزئی ملزم قرار دیا ہے۔

فورسز کی جانب سے عجاب یلانزئی کے گھر پر متعدد چھاپوں اور بھائی کی گمشدگی سے تنگ آکر عجاب کے بڑے بھائی لطف اللہ یلانزئی نے اہلیہ سمیت خودکشی کی تھی۔ عجاب یلانزئی اور شفقت یلانزئی تاحال حراست میں ہیں۔